اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا ہے؟ انسان مناظر قدرت کو دیکھ کر ذکرِ اللہ میں کیسے مشغول رہ سکتا ہے؟

image by pixabay

اللہ کا ذکر کیا ہے؟

ذکر کے معنی یاد کے ہیں۔ اللہ کے ذکر کا مطلب ہے اللہ کی یاد، یہ یاد کوئی مصنوعی چیز نہیں،یہ اللہ کی معرفت کا لازمی اور قدرتی نتیجہ ہے۔

جو کوئی آدمی اللہ کو اس کی عظمتوں اور قدرتوں کے ساتھ پاتا ہے تو اسکے اند ایک روحانی ہلچل پیدا ہوجاتی ہے۔ اس کے بعد اس کا یہ حال ہوجاتا ہے کہ اس کو ہروقت اللہ کی یاد آتی رہتی ہے۔

یہ یاد کبھی دل کے اندر تڑپ بن کر ظاہر ہوتی ہے اور کبھی زبان سے حمد و شکراورخشیت کے الفاظ کی صورت میں بے ساختہ نکل پڑتی ہے۔ اسی کیفیت کو اللہ کی یاد کہا جاتا ہے۔

کبھی ایساہوتا ہے کہ آدمی اتھاہ خلا میں ستاروں اور کہکشاؤں کی حرکت پر غور کرتا ہے۔ وہ پکار اٹھتا ہے کہ وہ خدا بھی عظیم خدا ہوگا جواتنے بڑے کارخانے کو اتنی صحت کے ساتھ متحرک کئے ہوئے ہے۔

کبھی وہ درختوں اور پہاڑوں اور دریاؤں کے پرکشش مناظر کو دیکھتا ہے اور ان کے حسن اور معنویت کا ادراک کر کے حیران رہ جاتا ہے۔ آدمی کو اس کے گرد و پیش کی چیزیں بار بار اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ کرتی ہیں، اس کے اند اللہ کی یاد کو جگاتی رہتی ہیں۔

اس طرح کبھی ایسا ہوتا ہے کہ آدمی اپنے حالات پر غور کرتاہے تو اس کو اپنی غلطوں اور کوتاہیوں کا احساس ہوتا ہے۔ وہ بےتابانہ اپنے رب سے معافی مانگنے لگتا ہے۔ وہ خدا سے کہتا ہے کہ اس کو آخرت کے عذاب سے بچائے اور اس دن اپنی رحمتوں کے سایہ میں داخل کرے جب کہ خدا کی رحمت کے سوا کوئی دوسرا سایہ نہ ہوگا، جہاں آدمی پناہ لے سکے۔

کبھی آدمی اپنے عجز اور بےچارگی کو دریافت کرتا ہے اور بے اختیار پکار اٹھتا ہے کہ خدایا تو قادرمطلق ہے تو اپنی قدرت سے میرے عجز کی تلافی فرما۔

انسان کے دل میں انہی ربّانی احساسات کا پیدا ہونا اور ان احساسات کا الفاظ کی صورت ڈھل جانا، اسی کا نام ذکر ہے۔

ذکر اللہ کی یاد ہے، سب سے بڑی حقیقت کی یاد جو چیز سب سے بڑی حقیقت کی یاد ہو اس کا تجربہ بھی سب سے بڑا تجربہ ہوتا ہے۔ اس تجربہ کا کسی کے دل پر گزرنا اتنا بڑا واقعہ ہے جس کو لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ہر وقت اپنی یاد میں مشغول رکھے اور ہم ہر خوشی اور دکھ میں اس کی یاد سے مسرور رہیں۔ بے شک وہ قادر مطلق ذات اپنے کرم سے ہی ہمیں اپنی یاد میں غرق رکھتی ہے۔ ہمارااس کی یاد میں مشغول رہنا بھی اس کے ہی کرم کا نتیجہ ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سب پر اپنا رحم فرمائے۔آمین


کتاب کا نام:اللہ اکبر

مصنف: مولانا وحیدالدین خان صاحب

آپ کی رائے

جدید تر اس سے پرانی